محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب کو مکمل چاند گرہن ہوگا جس کا مشاہدہ پاکستان میں بھی کیا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ قدرتی مظہر یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی امریکا کے مغربی حصے اور جنوبی امریکا کے مشرقی حصے میں دیکھا جا سکے گا۔ اسی طرح بحرالکاہل، بحرِ اوقیانوس، بحرِ ہند، آرکٹک اور انٹارکٹیکا میں بھی یہ منظر قابلِ مشاہدہ ہوگا۔
پاکستانی وقت کے مطابق چاند گرہن کا سلسلہ رات 8 بجکر 28 منٹ پر شروع ہوگا جب چاند کی روشنی مدہم ہونا شروع ہو گی۔ جزوی گرہن 9 بجکر 27 منٹ پر لگے گا جبکہ مکمل گرہن کا آغاز رات 10 بجکر 31 منٹ پر ہوگا۔
چاند گرہن اپنے عروج پر 11 بجکر 12 منٹ پر پہنچے گا اور 11 بجکر 53 منٹ پر مکمل گرہن ختم ہونا شروع ہو جائے گا۔ جزوی گرہن رات 12 بجکر 57 منٹ پر ختم ہوگا جبکہ پورے عمل کا اختتام 1 بجکر 55 منٹ پر ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ سال کے اہم فلکیاتی مظاہر میں سے ایک ہے اور شائقینِ فلکیات کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔









