شارجہ(سپورٹس ڈیسک) سہ فریقی سیریز کے پانچویں میچ میں آج پاکستان کا مقابلہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہوگا۔ یہ میچ قومی ٹیم کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ فتح کی صورت میں پاکستان براہِ راست فائنل میں جگہ بنا لے گا۔
سیریز کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پاکستان اور افغانستان چار چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ اگر پاکستان کو آج شکست کا سامنا کرنا پڑا تو اسے فائنل میں پہنچنے کے لیے کل افغانستان اور یو اے ای کے میچ کے نتیجے پر انحصار کرنا ہوگا۔
دوسری جانب میزبان یو اے ای اب تک سیریز میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی اور پہلی فتح کی تلاش میں آج قسمت آزمائے گی۔ یو اے ای کے لیے فائنل میں رسائی صرف اسی صورت ممکن ہے جب وہ اپنے دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتنے میں کامیاب ہو۔
یاد رہے کہ سہ فریقی سیریز کا فائنل 7 ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔









