چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمیل قادی اوغلو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے فروغ، خطے میں امن و استحکام اور مشترکہ اسٹریٹیجک ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں عالمی و علاقائی جیو اسٹریٹیجک ماحول میں تبدیلیوں اور ان کے اثرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں عسکری قیادتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون اور اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل قادی اوغلو نے پاک افواج کے پیشہ ورانہ معیار، انسداد دہشتگردی میں کامیابیوں اور علاقائی امن کے لیے مسلسل کوششوں کو سراہا۔
اس سے پہلے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر معزز مہمان کو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان عسکری احترام اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے۔









