بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عطیات کے عالمی دن پر پیغام

پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر آج عطیات کے عالمی دن پر معاشرتی فلاح و بہبود میں امداد و عطیات اور باہمی رواداری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔پاکستان کی معاشرتی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستانی بلا رنگ و نسل اور بلا تعصب ہو کر دوسروں کی بے لوث مدد کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ دوسروں کی خدمت کا پرخلوص جذبہ، پاکستان کی سماجی و معاشرتی اقدار اور تہذیب کا اثاثہ ہے۔ پاکستان کے رضاکار خدمت کاروں نے حادثات، قدرتی آفات، جنگ اور دیگر ایمرجنسی حالات میں ہمیشہ اپنے اہل وطن کی بھرپور عملی اور مالی مدد کی ہے ۔ پاکستانیوں کی فلاحی کاموں اور امداد و عطیات میں بھرپور شرکت کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام سب سے زیادہ عطیات دینے والے ممالک میں شامل ہے۔ ہمارے معاشرے کے مخیر حضرات عطیات کے زیر اہتمام مفت علاج مفت دسترخوان، مفت ایمبولنس سروس جیسی خدمات بڑی خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں۔یہ بلا شبہ ہمارے سماجی ومعاشرتی اور اسلامی تعلیمات اور تہذیب کی روشن روایات کی آئینہ دار ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے معاشرے میں بےلوث خدمت، دوسروں کی امداد اور فلاحی کاموں میں شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان بھی حکومتی سطح پرمختلف جامع پروگرامز کے ذریعے تخفیف غربت اور فلاحی کاموں کی مختلف سکیموں پر کامیابی سے کام کر رہی ہے۔ ان پروگرامز میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان بیت المال، زکوۃ، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن، پاکستان تخفیف غربت فنڈ، ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ وکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور صحت کے شعبہ میں دیگر اقدامات کے تحت لاکھوں ضرورت مند افراد فیضاب ہو رہے ہیں۔ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر باہمی رواداری، امداد و عطیات کے اس سماجی جذبہ نے اور بھی اہمیت اختیار کر لی ہے۔ حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ آبادی کے مال و مویشی، روزگار اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ آبادی اشیائے خورد و نوش، چھت اور صحت کی سہولیات کے منتظر ہیں جس کے لیےوفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج سب مل کر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عطیات کے عالمی دن پر آج میں پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی کے کاموں میں اپنے ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی یاد دہانی کرواتا ہوں۔ باہمی رواداری اور مدد کے جذبہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہم بحیثیت قوم ترقی و خوشحالی، باوقار اور مضبوط مستقبل کے لئے پرعزم ہیں۔