لاہور (نیوز ڈیسک) یومِ شہداء اور دفاع ملک بھر میں آج قومی جذبے اور عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ فوجی جوانوں نے پاکستان زندہ باد اور نعرۂ تکبیر بلند کیا جبکہ مساجد میں ملک کی سلامتی، امن اور سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
6 ستمبر پاکستان کی جرات، بہادری اور عزم کی علامت ہے۔ یہ دن عسکری تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ 1965 میں اسی روز بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، جس کے جواب میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو ہر محاذ پر ناکام بنایا۔
سترہ روزہ جنگ میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ لاہور، سیالکوٹ اور قصور کے محاذوں پر بھارتی فوج کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ چونڈہ کا محاذ بھارتی ٹینکوں کا قبرستان ثابت ہوا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضائی برتری قائم کر کے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے اور پاک بحریہ نے سمندری محاذ پر بھرپور جواب دیا۔ وطن کی حفاظت کے لیے پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں امر ہو گئے۔









