اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاور ڈویژن نے 7 ستمبر تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 50 گرڈ اسٹیشن اور 513 فیڈرز سیلاب کے باعث متاثر ہوئے جن میں سے اب تک 254 مکمل اور 253 عارضی طور پر بحال کیے جاچکے ہیں۔
اب تک 16 لاکھ 41 ہزار صارفین میں سے 13 لاکھ 61 ہزار 641 صارفین کو بجلی فراہم کردی گئی ہے، جبکہ باقی 2 لاکھ 76 ہزار 745 صارفین کے لیے بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)
فیسکو کے علاقوں میں 27 گرڈ اور 80 فیڈرز بند ہوئے۔ ان میں سے 15 مکمل اور 61 عارضی طور پر بحال ہوچکے ہیں۔ متاثرہ 2 لاکھ صارفین میں سے تقریباً 83 ہزار کو بجلی مل چکی ہے جبکہ باقی 1 لاکھ 17 ہزار صارفین کے لیے بحالی کا عمل 8 ستمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو)
گیپکو کے 11 گرڈ اور 103 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 86 مکمل اور 17 جزوی بحال ہیں۔ سات لاکھ 36 ہزار متاثرہ صارفین میں سے تقریباً 7 لاکھ 17 ہزار کو بجلی فراہم کردی گئی ہے۔ بقیہ 19 ہزار 280 صارفین کو پانی اترتے ہی بجلی مل جائے گی۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)
لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ میں 67 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 57 مکمل اور 10 جزوی بحال ہوچکے ہیں۔ تقریباً 74 ہزار صارفین متاثر ہوئے جن میں سے 61 ہزار کو بجلی فراہم کردی گئی ہے۔ باقی 12 ہزار کے لیے 7 سے 8 ستمبر تک کام مکمل ہوجائے گا۔ شیخوپورہ میں بحالی مکمل ہوچکی ہے۔
ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو)
میپکو کے 151 فیڈرز متاثر ہوئے جو عارضی طور پر بحال کردیے گئے ہیں۔ یہاں ایک لاکھ 13 ہزار صارفین متاثر ہوئے ہیں اور پانی اترنے کے بعد مکمل بحالی شروع ہوگی۔
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)
سوات، بنوں، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان میں 12 گرڈ اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 86 مکمل اور 5 جزوی بحال ہوچکے ہیں۔ 4 لاکھ 63 ہزار متاثرہ صارفین میں سے 4 لاکھ 61 ہزار کو بجلی فراہم کردی گئی ہے۔ باقی 2 ہزار 326 صارفین کو 11 سے 12 ستمبر تک بجلی ملنے کی توقع ہے۔
ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو)
شمالی وزیرستان اور خیبر میں 18 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 7 مکمل اور 9 جزوی بحال ہیں۔ 31 ہزار متاثرہ صارفین میں سے 8 ہزار 179 کو بجلی فراہم کردی گئی ہے جبکہ بقیہ 20 ہزار صارفین کے لیے 15 ستمبر تک بحالی کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔
ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیزیکو)
مانسہرہ میں متاثرہ 3 فیڈرز مکمل بحال ہوچکے ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق جن علاقوں میں ابھی بجلی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی، وہاں بنیادی رکاوٹ پانی کا کھڑا ہونا ہے۔ جیسے ہی پانی اترے گا، باقی فیڈرز اور صارفین کو بھی بجلی فراہم کردی جائے گی









