بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جلالپور پیر والا کو خالی کرنے کا حکم، بند ٹوٹنے کا خدشہ شدت اختیار کر گیا

ملتان: جلالپور پیر والا میں سیلابی صورتحال سنگین ہو گئی ہے، اور چناب کے پانی کے دباؤ کے باعث بند ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہونے پر مقامی انتظامیہ نے شہر کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا  ۔
سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کے مطابق، چناب کا پانی مسلسل بڑھ رہا ہے اور شہر کے قریب بنائے گئے بند پر خطرناک حد تک دباؤ پڑ چکا ہے، جو کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے۔
 مساجد میں اعلانات، شہر خالی کرانے کا عمل جاری
شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں، جب کہ پولیس اور امدادی ٹیمیں گھر گھر جا کر لوگوں کو انخلا کی ہدایت دے رہی ہیں۔
سی پی او نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے 5 تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز اور 50 مزید کشتیاں طلب کر لی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ  ہماری پوری کوشش ہے کہ آج رات تک تمام متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے۔
پاک فوج طلب، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پاک فوج کو بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے طلب کر لیا گیا  ۔
دوسری جانب، پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھارت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر دریائے ستلج اور چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا  ۔
رپورٹ کے مطابق، دریائے ستلج کے ہریکے زیریں اسٹریم اور فیروزپور زیریں اسٹریم میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جس سے جنوبی پنجاب کے مزید علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔
 شیر شاہ فلڈ بند کے اندر بستیوں میں تباہی، مکانات گرنے لگے
ادھر ملتان کے شیر شاہ فلڈ بند کے اندر موجود درجنوں بستیوں میں پانی جمع ہونے سے مکانات گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا  ۔
مسلسل بارش نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جب کہ امدادی کارروائیوں کو بھی شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔