بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ممبئی دھماکوں کی افواہ کا ڈراپ سین: بھارتی پولیس نے حقیقت بے نقاب کر دی

پاکستان سے دہشت گردوں کی مبینہ دراندازی اور ممبئی کو دھماکوں سے اُڑانے کی جھوٹی خبر نے بھارتی عوام کو خوف میں مبتلا کر دیا، تاہم پولیس کی تحقیقات نے اصل حقیقت سامنے لا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ستمبر کو ممبئی پولیس کو واٹس ایپ پر ایک دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ “لشکرِ جہادی” نامی ایک نامعلوم تنظیم کے 14 دہشت گرد شہر میں داخل ہو چکے ہیں۔ پیغام میں کہا گیا تھا کہ دہشت گرد 34 گاڑیوں میں 400 کلو آر ڈی ایکس لے کر ممبئی کو دھماکوں سے تباہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، جس سے مبینہ طور پر ایک کروڑ افراد کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔
پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ یہ تمام دعوے من گھڑت اور جھوٹے تھے۔ تحقیقاتی ٹیم نے بتایا کہ یہ پیغام دراصل بہار کے رہائشی اشون کمار سپرا نے اپنے ذاتی جھگڑے کی بنیاد پر خود تیار کیا تھا۔
اشون کمار نے یہ پیغام اپنے سابق دوست فیروز کو پھنسانے کے لیے بھیجا تھا، جس نے 2023 میں اشون کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس مقدمے کے نتیجے میں اشون تین ماہ جیل میں قید رہا اور اسی رنجش کا بدلہ لینے کے لیے اس نے ممبئی میں دہشت گرد حملے کی جھوٹی کہانی گھڑ ڈالی۔
پولیس نے اشون کمار کو گرفتار کر کے اس کا موبائل فون اور سم کارڈ ضبط کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ محض ایک غیرذمہ دارانہ مذاق تھا، جس نے پورے شہر میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی۔