اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے دشمن کا غرور پانی میں غرق کرکے سمندری محاذ پر بھی اپنی برتری ثابت کی۔
یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے پاک بحریہ کے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 ستمبر وہ دن ہے جب سمندری سرحدوں کے دفاع میں بہادر سپوتوں نے تاریخ رقم کی۔
وفاقی وزیر کے مطابق جنگِ ستمبر 1965 کے دوران آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا ایک درخشندہ باب ہے، جس میں چند لمحوں میں دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات تباہ کر کے کراچی پر حملے کا منصوبہ خاک میں ملا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے بعد دشمن کو دوبارہ کراچی پر حملے کی جرات نہ ہوئی۔ پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ تیاری، تنظیم اور جذبۂ سرفروشی سے دشمن کو حیران کر دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ یومِ بحریہ نہ صرف ایک تاریخی دن ہے بلکہ ایک تسلسل ہے اُس عہد اور اُس یقین کا جو سمندر کی وسعتوں میں پروان چڑھا۔ آج پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی، میزائل سسٹمز اور خود انحصاری کے ساتھ ایک مضبوط اور مؤثر بحری قوت بن چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بحری مشقوں میں شمولیت، علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں قائدانہ کردار اور سفارتی سطح پر سرگرم شراکت پاک بحریہ کی قابلِ فخر پہچان ہے۔ قوم کو اپنے ان سمندری محافظوں پر ناز ہے جنہوں نے بحری سرحدوں کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔









