اسلام آباد(نیوزڈیسک) جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی عبد الاکبر چترالی نے کہا ہے کہ ایاز صادق مجھے ایوان کے اندر دھمکیاں دیتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا کہ ایاز صادق نے مجھے گزشتہ جمعہ کو ایوان کے اندر دھمکی دی کہ حکومتی نشستوں پر آجائیں اور اپنے حلقے کے ترقیاتی کام کرائیں، میرے حلقے کے عوام دینی نظریہ رکھتے ہیں، کرپشن اور بیڈ گورننس کے خلاف بات کرنا میری عوام کا مطالبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے کرنا ہے تو پہلی اور آپ کی حکومت میں کیا فرق ہے؟ کہا گیا کہ میں حکومتی نشستوں پر نہ گیا تو میرے خلاف ریفرنسز لائیں گے، ایم ایم اے نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹ دینے کا فیصلہ نہیں کیا تھا بلکہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنا پی ڈی ایم کا فیصلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہر رکن اپنی حدود میں رہے کیونکہ میں نظریاتی کارکن ہوں تو بکنے والا نہیں، میں پارٹی یا چہرے نہیں نظام کی تبدیلی کی بات کرتا ہوں، چیلنج کرتا ہوں ابھی میرے خلاف ریفرنس لائیں میں اس کا جواب دوں گا۔
ایاز صادق مجھے ایوان کے اندر دھمکیاں دیتے ہیں، عبد الاکبر چترالی








