بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا سبب، سعودی عرب کے قریب انڈر سی کیبل کاٹ دی گئی، شزہ فاطمہ

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی حالیہ سست روی کی بنیادی وجہ سعودی عرب کے قریب انٹرنیشنل سب میرین کیبل کا کٹنا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متاثرہ کیبل سعودی شہر جدہ کے قریب کٹی ہے، اور پاکستان کے متعلقہ ادارے اس معاملے پر بین الاقوامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ جیسے ہی کیبل کی مرمت سے متعلق حتمی ٹائم لائن سامنے آتی ہے، عوام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
شزہ فاطمہ نے واضح کیا کہ یہ ایک بین الاقوامی تکنیکی مسئلہ ہے جس پر پاکستان کا براہِ راست کنٹرول نہیں، تاہم ملک میں انٹرنیٹ کی بہتری کے لیے پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ اداروں سے قریبی رابطہ جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں براڈبینڈ اسپیکٹرم کی کمی بھی انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مستقل مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی سست روی نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں بلکہ آن لائن تعلیم، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل سروسز پر بھی منفی اثرات ڈالے ہیں۔
شزہ فاطمہ نے بتایا کہ متاثرہ کیبل کو کس نوعیت کا نقصان پہنچا ہے، اس کا تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔ جب تک مرمت کا کام مکمل نہیں ہوتا، حکومت متبادل راستوں سے انٹرنیٹ سروس کی بہتری کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔