بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مودی حکومت پر واشنگٹن کا اعتماد ختم ہوگیا، چائنہ ڈیلی کا انکشاف

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چائنہ ڈیلی نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی میں دوغلا پن، توازن کے فقدان اور غیر مستقل مزاجی امریکہ اور بھارت کے تعلقات کو کمزور بنا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات اس وقت نشیب و فراز کا شکار ہیں۔ قلیل مدت میں وقتی بہتری کے امکانات ضرور موجود ہیں لیکن طویل مدت میں باہمی اعتماد بری طرح متاثر ہو چکا ہے، جس کے باعث دو طرفہ تعاون محض سطحی حد تک محدود رہ سکتا ہے۔

چائنہ ڈیلی کا کہنا ہے کہ بھارت کی روس کے ساتھ دیرینہ اسٹریٹجک وابستگی بھی واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات میں رکاوٹ ہے۔ بھارت ایک جانب امریکہ سے قریبی تعلقات کا دعویٰ کرتا ہے، جبکہ دوسری جانب روس سے اسلحہ اور سستا تیل درآمد کرتا ہے، جو امریکی پالیسی کے منافی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چین کے ساتھ جاری سرحدی کشیدگی کے باوجود بھارت کھل کر مؤقف اپنانے سے گریز کر رہا ہے۔ حتیٰ کہ کواڈ (QUAD) اتحاد میں بھی اس کا رویہ محتاط رہا ہے، جس پر امریکہ میں مایوسی پائی جاتی ہے۔

چینی جریدے نے نشاندہی کی کہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی صرف محدود قومی مفاد پر مرکوز ہے۔ اگر نئی دہلی نے اپنی حکمتِ عملی پر نظرثانی نہ کی تو امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات طویل مدت میں قائم رکھنا مشکل ہو جائے گا۔