لاہور(نیوز ڈیسک)بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں پانی کی موجودہ صورتحال سے پاکستانی حکام کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارتی حدود میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا بدستور پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔
ترجمان بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق ہریکے اور فیروزپور ڈاؤن سٹریم میں اونچے درجے کی سیلابی کیفیت برقرار ہے اور اس وقت دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی میں کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ 12 گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں تقریباً 70 ہزار کیوسک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ روز دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک سے بھی تجاوز کر گیا تھا، تاہم اب یہ کم ہو کر 2 لاکھ 60 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ اس کمی کے باوجود دریائے ستلج میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال بدستور برقرار ہے اور نشیبی علاقوں کے لیے خطرہ ختم نہیں ہوا۔









