وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ وزیرِ اعظم نے دوحا میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کیے گئے غیر قانونی اور بہیمانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مکمل یکجہتی کا پیغام دیا۔
وزیرِ اعظم نے اس حملے کو ایک بزدلانہ اقدام قرار دیا جو اسرائیلی قیادت کی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس جارحیت کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے جو خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے امیرِ قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کی صفوں میں اتحاد پر زور دیا تاکہ اس نازک وقت میں مشترکہ موقف اپنایا جا سکے۔
امیرِ قطر نے مشکل کی اس گھڑی میں وزیرِ اعظم کی فون کال اور خلوصِ دل سے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اقدام سے بے حد متاثر ہوئے ہیں، جو پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و سلامتی کے مفاد میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ اعظم کا امیرِ قطرسے ٹیلیفونک رابطہ،اسرائیلی جارحیت کیخلاف حمایت کی یقین دہانی








