بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشیا کپ؛ بھارت اپنا پہلا میچ آج یو اے ای کے خلاف کھیلے گا

کراچی (نیوز ڈیسک) مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا سفر بدھ سے شروع ہوگا، جہاں بلو شرٹس کا پہلا مقابلہ دبئی میں میزبان متحدہ عرب امارات سے ہوگا۔

مقامی وقت کے مطابق میچ رات ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔ بھارت طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کر رہا ہے اور بطور ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپیئن ایونٹ میں فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔

شبمن گل نائب کپتان کی حیثیت سے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپس آئے ہیں۔ حالیہ آئی پی ایل سیزن میں انہوں نے 650 رنز 155.87 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیے، اور ایشیا کپ میں بھی ان سے شاندار کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔

یو اے ای کی ٹیم کی کوچنگ بھارتی نژاد لال چند راجپوت کے پاس ہے، جو بھارت کو 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فاتح بنانے والے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں۔ تاہم میزبان ٹیم حالیہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان اور افغانستان کے خلاف ناکام رہی، جبکہ اس سے قبل یوگینڈا سے بھی شکست کھا چکی ہے۔

دبئی کی پچ کو تازہ اور جاندار قرار دیا جا رہا ہے، جہاں اسپنرز اور فاسٹ بولرز دونوں کو مدد ملنے کا امکان ہے۔ سخت گرمی اور نمی دونوں ٹیموں کے فٹنس لیول کا امتحان لے گی۔

بھارت اور یو اے ای اب تک ایک بار ٹی ٹوئنٹی میں آمنے سامنے آچکے ہیں۔ 2016 کے ایشیا کپ میں بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹ سے شکست دی تھی۔ بھارت نے گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے اب تک 24 میچ جیتے ہیں جبکہ صرف 3 میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔