بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بستر پر فون استعمال کرنے کی عادت، آپ کی نیند چُرا رہی ہے!

کیا آپ بھی رات کو سونے سے پہلے سمارٹ فون استعمال کرتے ہیں؟ تو خبردار ہو جائیں، کیونکہ یہ معمول آپ کی نیند کا سب سے بڑا دشمن ثابت ہو سکتا ہے۔
نیوزی لینڈ کی اوٹاگو یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ نیند کی خرابی کی ایک بڑی وجہ سونے کے وقت بستر پر فون یا اسکرینز کا استعمال ہے — نہ کہ صرف سونے سے چند گھنٹے پہلے موبائل فون دیکھنا۔
تحقیق میں 11 سے 14 سال کی عمر کے 85 بچوں کی نیند، سرگرمیوں اور اسکرین ٹائم پر نظر رکھی گئی۔ بچوں کو باڈی کیمرے، انفراریڈ کیمرے اور گھڑی نما نیند مانیٹرنگ ڈیوائسز سے لیس کیا گیا، تاکہ سونے کے وقت کی اصل عادات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔نتائج حیران کن تھے
بستر پر صرف 10 منٹ موبائل استعمال کرنے سے نیند کم از کم 10 منٹ کم ہو گئی۔ اگرچہ سونے سے 1 یا 2 گھنٹے پہلے اسکرین دیکھنا اتنا نقصان دہ ثابت نہیں ہوا، مگر اصل نقصان تب ہوتا ہے جب لوگ بستر میں لیٹ کر فون میں مصروف ہو جاتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسمارٹ فونز پر گیمنگ، ویڈیوز دیکھنا یا ایک سے زیادہ کام کرنا (ملٹی ٹاسکنگ) نیند کے معیار کو مزید متاثر کرتا ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ اچھی نیند کے لیے کم از کم سونے سے 30 منٹ پہلے موبائل فون اور دیگر اسکرینز سے دوری اختیار کر لینی چاہیے، تاکہ دماغ کو سکون ملے اور جسم قدرتی طور پر نیند کے لیے تیار ہو۔
تو اگر آپ رات کو پرسکون اور مکمل نیند چاہتے ہیں، تو سب سے پہلے فون کوشب بخیر کہنے کی عادت ڈالیں۔