اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 77ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام ایک تاریخی اور ناگزیر فیصلہ تھا، قائداعظم نے قوم کو شناخت، خودداری اور آزادی دی۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کا وژن جمہوریت، انصاف، مساوات اور رواداری پر مبنی پاکستان تھا۔ آج ہمیں اسی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ پاکستانی نوجوانوں کو مواقع دینا ہوں گے، خواتین کو بااختیار اور اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ آج بھی درست ثابت ہو رہا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اس نظریے کی سچائی کا واضح ثبوت ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور جمہوریت و قانون کی حکمرانی ہی ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم کی رہنمائی آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اتحاد، ایمان اور قربانی ہی وہ اصول ہیں جن پر عمل کر کے ہم قائداعظم کے خواب کو حقیقت بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے قیام کے لیے قائد کے اصولوں کو اپنی قومی زندگی میں شامل کریں گے۔









