اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے ان آپریشنز میں 19 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسران اور اہلکار فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دفاع وطن کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دہشتگردی کے خلاف لڑائی ہر صورت جاری رکھی جائے گی









