دبئی (نیوز ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے منتظمین نے شائقین کی کم دلچسپی کے باعث پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔
ابتدائی طور پر عام ٹکٹ 475 درہم میں دستیاب تھا، تاہم اب اسے کم کر کے 350 درہم کر دیا گیا ہے۔ پریمیئم انکلوژر کے ٹکٹ سب سے کم فروخت ہو رہے ہیں اور میچ سے چند دن قبل بھی کئی نشستیں خالی ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے۔ بھارت ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں یو اے ای کے خلاف ریکارڈ فتح حاصل کر چکا ہے، جبکہ پاکستان آج اپنی مہم کا آغاز عمان کے خلاف کر رہا ہے۔
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت نے 10 جبکہ پاکستان نے 3 میں کامیابی حاصل کی ہے۔