ایشیا کپ 2025 کے پاکستان بھارت ٹاکرے سے قبل سوشل میڈیا پر بھی ایک دلچسپ جنگ چھڑ گئی۔
بھارتی اداکارہ پریتی زنٹا کی آئی پی ایل فرنچائز پنجاب کنگز نے ایک پروموشنل پوسٹ شیئر کی جس میں بھارت کا لوگو نمایاں دکھایا گیا، جبکہ پاکستان کا لوگو جان بوجھ کر خالی چھوڑ دیا گیا۔ اس رویے پر کرکٹ فینز نے شدید ردِعمل دیا اور اسے کھیل کی روح کے خلاف قرار دیا۔
اس کے جواب میں کراچی کنگز نے بھرپور تخلیقی وار کیا۔ انہوں نے ایک تصویر جاری کی جس میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کو شطرنج کھیلتے دکھایا گیا، جبکہ بھارتی کپتان کو دھندلے سائے میں پیش کیا گیا۔
تصویر میں نمایاں گھڑی کی سوئیاں 6:00 پر رکی ہوئی تھیں، جسے کئی مبصرین نے پاکستان کے “آپریشن بنیان المرصوص” کی جانب اشارہ قرار دیا — وہی کارروائی جس میں پاکستان نے بھارتی چھ لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔
یہ جوابی پوسٹ مداحوں کو بھا گئی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، شائقین نے اسے پنجاب کنگز کے “غیر منصفانہ پروموشن” کا کرارا جواب قرار دیا۔
واضح رہے کہ پاک بھارت ٹاکرا اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دونوں ٹیمیں جیت کے تسلسل کے ساتھ میدان میں اتریں گی: بھارت نے یو اے ای کو 57 رنز پر آؤٹ کر کے صرف 4.3 اوورز میں ہدف حاصل کیا، جبکہ پاکستان نے عمان کو 93 رنز سے شکست دے کر اعتماد حاصل کیا۔