لاہور: ڈریپ نے امراض معدہ، گلے اور فنگل انفیکشن ، امراض درد ، جوڑ و سوزش اور الرجی کی 17 ادویات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے جعلی ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا، کارروائیوں کے دوران مختلف مارکیٹس سے جعلی ادویات کی نشاندہی کی گئی۔
اس حوالے سے ڈریپ نے بھی ریپڈ پراڈکٹ الرٹ جاری کردیا ہے، جس میں کہا ہے کہ پنجاب ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے 17 ادویات کے 18 بیچز کو جعلی قرار دیا ہے۔
الرٹ میں کہنا تھا کہ جعلی قرار دی گئی ادویات میں امراض معدہ، گلہ، فنگل انفیکشن، پروسٹیٹ، امراض نسواں، درد، جوڑوں کی سوزش، الرجی، نیوروپیتھی اور سکون آور گولیاں شامل ہیں۔
ڈریپ کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ادویات مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے برانڈز کے نام پر تیار کی گئی ہیں اور ان کے لیبلز پر کراچی، لاہور اور فیصل آباد کے پتے درج ہیں۔
الرٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ بیچز غیر قانونی فیکٹریوں میں تیار کیے گئے اور مارکیٹ میں سپلائی کیے گئے، تاہم ان کے خام مال کی تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی معیار و افادیت واضح ہے، جس کے استعمال سے جان لیوا نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
ڈرگ ایکٹ 1976 کے سیکشن 3 کے تحت ان ادویات کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔ ڈریپ نے ریگولیٹری فورس کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹ سے فوری طور پر ان بیچز کو ضبط کیا جائے جبکہ ڈسٹری بیوٹرز اور میڈیکل اسٹورز کو ہدایت دی گئی ہے کہ جعلی ادویات کی نشاندہی ہوتے ہی فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔