بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشیا کپ کا سب سے بڑا معرکہ آج دبئی میں ہوگا، پاکستان اور بھارت آمنے سامنے

دبئی (نیوز ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا آج دبئی میں ہوگا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت شام ساڑھے 7 بجے پاکستانی وقت کے مطابق مدمقابل آئیں گے۔ دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ مقابلہ رواں سال جنگ کے بعد پہلا ٹکراؤ ہوگا۔

پاکستان اور بھارت چھ ماہ میں دوسری بار آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کا سامنا چیمپئنز ٹرافی میں ہوا تھا۔

پاکستانی شائقین کی نظریں فخر زمان، صائم ایوب، سلمان آغا اور حارث پر جمی ہیں جبکہ بھارتی ٹیم شبمن گل، سوریا کمار یادیو اور جسپریت بمراہ پر انحصار کر رہی ہے۔

حالیہ کارکردگی میں دونوں ٹیمیں زبردست فارم میں ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر سہ ملکی سیریز جیتی۔

ریکارڈ کے مطابق ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف اب تک 19 میچوں میں سے 10 جیتے ہیں جبکہ پاکستان 6 میں کامیاب رہا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف آخری فتح 2022 میں حاصل کی تھی۔ بھارت 8 بار ایشیا کپ کا فاتح بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز دو مرتبہ حاصل کیا ہے۔

پاکستانی شائقین بھارت کے خلاف کامیابی کے لیے پُرامید ہیں۔ گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی بلے باز صائم ایوب نے کہا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ بڑا مقابلہ ہوتا ہے، ٹیم اس کے لیے پرجوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ خشک ہے اور پہلے بیٹنگ بہتر آپشن ہوگا۔