اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن اور سینیٹر روبینہ خالد نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن ہم ان تمام رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے سفر کو ہمیشہ مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا رہا، مگر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جیسے رہنماؤں نے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کے مطابق بھٹو خاندان کی وراثت پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہے گی۔
روبینہ خالد نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وژن اپنے وقت سے آگے تھا، انہوں نے عوام کے حقوق اور جمہوری اقدار کے لیے جنگ لڑی اور ہمیشہ عوامی فلاح کو ترجیح دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے جمہوریت، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے مسلسل آواز بلند کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی جمہوریت کی خاطر مشکلات اور مظالم برداشت کیے اور اس جدوجہد نے پاکستان میں جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے پاکستان کی تشکیل کے لیے کوششیں جاری رکھنی ہوں گی جہاں ہر شہری کو بنیادی حقوق حاصل ہوں اور جمہوریت کے ذریعے ایک مضبوط اور خوشحال نظام تشکیل دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ جمہوریت کی اہمیت محض یادگار منانے تک محدود نہیں بلکہ اس موقع پر ہمیں اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، شہری شمولیت کو بڑھانے اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔
روبینہ خالد نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان کل کے رہنما ہیں اور انہیں جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری علم، ہنر اور اقدار سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس یومِ جمہوریت پر ہمیں جمہوریت، مساوات اور انصاف کے اصولوں کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے تاکہ ایک حقیقی جمہوری، خوشحال اور سب کو مساوی حقوق دینے والا پاکستان قائم کیا جا سکے۔