بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چینی کا بحران، شوگر ملز ایسوسی ایشن کا انتباہ

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کی حالیہ پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں چینی کا سنگین بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
نجی نیوز ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے چینی کی فروخت کو صرف مخصوص پورٹل کے ذریعے مشروط کرنے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شوگر ملز کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان نے نشاندہی کی کہ مقامی چینی کی فروخت پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، جبکہ درآمدی چینی کی نہ فروخت پر کوئی قدغن ہے اور نہ ہی قیمت پر کوئی کنٹرول، جو کہ سراسر تضاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی غیر متوازن پالیسیوں کے نتیجے میں مارکیٹ میں چینی کی قلت پیدا ہو سکتی ہے، جس سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، اور اس کے اثرات براہِ راست عوام پر پڑیں گے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایسی صورتحال کی ذمہ داری شوگر انڈسٹری پر نہیں ڈالی جا سکتی۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ملک بھر کی تمام شوگر ملز کو چینی فروخت کرنے کی مکمل اجازت دی جائے تاکہ مارکیٹ میں استحکام پیدا ہو اور صارفین کو بلاوجہ مہنگائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔