پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے جیل میں قید ہونے کے باوجود ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی پوسٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
یہ درخواست شہری غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک سزا یافتہ قیدی کے جیل میں قید کے دوران اس کے نام سے چلنے والے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور بدنیتی پر مبنی مواد کی تشہیر غیر قانونی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ہدایت دی جائے کہ وہ اکاؤنٹ چلانے والے فرد یا افراد کی شناخت کریں، اور ایسی تمام ٹوئٹس کو بلاک کر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے جائیں، جو قانون اور سوشل میڈیا پالیسیز کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔
عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی پوسٹس غیرقانونی قرار دینے کے لیے درخواست دائر








