ٹنڈو محمد خان کے نواحی علاقے شفیع محمد لونڈ میں مضر صحت کھانا کھانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں دو نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 23 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب کھیتوں میں کیڑے مار اسپرے کیا جا رہا تھا اور قریبی مقام پر مچھلی پکائی جا رہی تھی۔ بعد ازاں وہی مچھلی کھانے کے بعد متاثرہ افراد کی طبیعت اچانک خراب ہونا شروع ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 18 سالہ مجیب الرحمان اور 20 سالہ غلام حسین شامل ہیں، جبکہ متاثرہ دیگر افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے کھانے کے نمونے حاصل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس افسوسناک سانحے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔









