راولپنڈی(صغیر چوہدری ) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان سمیت 10 افراد کے خلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق کیس میں عدالتی حکم عدولی پر سخت ایکشن لے لیا۔ عدالت نے تھانہ صادق آباد کے ایس ایچ او ندیم عباس اور اے ایس آئی شکیل کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو 6، 6 ماہ قید اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔سزا سنتے ہی ایس ایچ او ندیم عباس اور اے ایس آئی نے عدالت سے فورا معافی مانگ اور دوبارہ ایسا نا کرنے کی کی تحریری یقین دہانی کرواتے ہوئے عذر پیش کیا کہ متعلقہ محرر تبدیل ہونے کے باعث ایسا ہوا۔آئیندہ ایسا نہیں ہوگا ۔۔عدالت نے معافی کی استدعا منظور کرتے ہوئے سزا کا حکم واپس لے لیا۔ جبکہ دوران سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عدالت کے بار بار توجہ دلانے کے باوجود دونوں پولیس افسران نے احتجاج کیس کے چالان کی تعمیل میں غفلت برتی، جس پر پہلے انہیں توہین عدالت کا شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا اور اسکا غیر تسلی بخش جواب دیا گیا ۔
واضح رہے کہ علیمہ خان سمیت دیگر 9 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں مقدمہ درج ہے، جس پر عدالت نے پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی تھی، لیکن مقررہ وقت میں عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر یہ سخت فیصلہ سامنے آیا جسے بعد میں عدالت نے غیر مشروط معافی پر واپس لے لیا۔
علیمہ خان کیس: عدالتی حکم عدولی پر ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو قید و جرمانے کی سزا








