اسلام آباد(نیوز ڈیسک)راولپنڈی، اسلام آباد میں موسمِ سرما کی دوسری بارش کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں نے گرم کپڑے، جیکٹس اور مفلر کا استعمال شروع کردیا۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ اسکول جانے والے بچوں کو بارش میں بھیگتے دیکھا گیا۔
اسلام آباد میں صبح سے ہی سیاہ گھنے بادل چھائے رہے اور وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مزید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی بارش یا بونداباندی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں بھی بادل برسے، جس کے باعث کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہوگئی۔
خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔