لاہور(نیوز ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سب سے زیادہ مدت تک پہلے نمبر رہنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا ہے۔
آئی سی سی نے بدھ کو ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں بابر اعظم بدستور پہلے اور محمد رضوان دوسرے نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بابر اعظم نے 1030 روز تک مسلسل پہلی پوزیشن پر رہتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے پاس تھا جو 1013 روز تک آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھے۔
واضح رہے کہ کرکٹ ماہرین اور فینز کارکردگی کے اعتبار سے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا مقابلہ کرتے رہتے ہیں۔ دونوں بلے بازوں کو جدید طرز کی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی بھی قرار دیا جاتا ہے۔









