پاکستان میں کاروں کی فروخت نے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں صرف ستمبر کے مہینے میں 17 ہزار سے زائد نئی گاڑیاں خریدی گئیں۔ یہ نہ صرف مارکیٹ میں بہتری کی نشانی ہے بلکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 67 فیصد کا زبردست اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر 2025 میں مجموعی طور پر 17,174 کاریں فروخت ہوئیں، جب کہ ستمبر 2024 میں یہ تعداد صرف 10,297 تھی۔ اس سے پہلے اگست 2025 میں14,50 کاریں فروخت ہوئیں، یعنی صرف ایک ماہ میں 3 ہزار سے زائد یونٹس کا اضافہ ہوا۔
یہی نہیں، رواں مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 42,267 یونٹس تک جا پہنچی ہے، جو پچھلے سال کی نسبت نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔
گاڑیوں کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت میں بھی خاصا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ستمبر میں ان کی فروخت 1 لاکھ 58 ہزار 941 یونٹس رہی، جو سالانہ بنیاد پر21 فیصد زیادہ ہے۔
اسی طرح، مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان کی مجموعی فروخت 35 فیصد اضافے کے ساتھ4 لاکھ 31 ہزار 542 یونٹس تک پہنچ چکی ہے، جو پچھلے سال اسی مدت کے دوران 3 لاکھ 20 ہزار 187 یونٹس تھی۔
یہ تمام اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستانی مارکیٹ میں آٹو سیکٹر ایک بار پھر سرگرم ہو رہا ہے۔ معاشی بہتری، کم شرح سود یا نئی ماڈلز کی دستیابی جیسے عوامل ممکنہ طور پر اس مثبت رجحان کے پیچھے کارفرما ہیں۔
پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا








