اسلام آباد ( نیوزڈیسک) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری اور وقار کا تحفظ حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سفید چھڑی ہمت، اعتماد اور خودانحصاری کی علامت ہے اور ایک جامع و مساوی معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی پہچان ہوتا ہے۔
انہوں نے عوام اور اداروں پر زور دیا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کی تعلیم، روزگار اور سماجی شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ بھی ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
آصف زرداری نے کہا ہے کہ محبت، احترام اور مدد بصارت سے محروم افراد کا بنیادی حق ہے اور پاکستان کا اصل سرمایہ ہر شہری کی صلاحیتوں کا فروغ ہے۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سفارت کار صائمہ سلیم کی مثال دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بصارت سے محرومی کے باوجود اپنی ذہانت اور محنت سے ملک کا نام روشن کیا اور وہ حوصلے، عزم اور قابلیت کی علامت بن چکی ہیں۔
صدرِ مملکت نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا ہے کہ آئیں! ایسا پاکستان بنائیں جہاں کوئی پیچھے نہ رہ جائے کیونکہ قومی ترقی سب کے باہمی تعاون اور شمولیت سے ہی ممکن ہے۔