وانگ شانگ کن نامی چینی نوجوان کے نوعمری کے ایک فیصلے نے اسے زندگی بھر کے لیے معذور کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2011 میں چینی نوجوان نے آئی فون اور آئی پیڈ خریدنے کی خاطر اپنا ایک گردہ فروخت کردیا تھا تاہم اب یہ نوجوان اپنے فیصلے پر پچھتا رہا ہے۔
غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کو 17 برس کی عمر میں آئی فون 4 خریدنے کی خواہش ہوئی، جسے ہر صورت پورا کرنے کے جنون نے اسے اپنے جسمانی اعضاء بیچنے کے لیے بلیک مارکٹ تک پہنچا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی نوجوان نے ایک آن لائن پوسٹ پڑھنے کے بعد اسمگلر کی پیشکش کی لالچ میں آکر غیرقانونی سرجری کروا کر اپنا ایک گردہ بیچنے کا فیصلہ کیا، جس کے اسے 20 ہزار یوآن ملے۔
چینی نوجوان نے مذکورہ رقم سے اُس وقت کے جدید ترین گیجٹس آئی فون 4 اور آئی پیڈ 2 خریدے اور اس کا یہی فیصلہ زندگی بھر کے المیے میں تبدیل ہوگیا۔ جلد ہی اس کی صحت بگڑنے لگی اور اسے شدید انفیکشن ہوگیا، جس نے اس کے دوسرے گردے کو بھی متاثر کردیا۔
مذکورہ چینی نوجوان اب 31 برس کا ہے اور اس کا گردہ صرف 25 فیصد کام کر رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ پوری زندگی ڈائیلاسز کا محتاج ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت چینی نوجوان نے ہر کسی کی توجہ اُس وقت حاصل کی جب اس کی مدد سے حکام نے غیرقانونی جسمانی اعضاء فروخت کرنے والے نیٹ ورک کو پکڑا اور بطور انعام مذکورہ نوجوان کو 14 لاکھ 8 ہزار یوآن دے گئے۔