بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’عشق مرشد‘ کے گانے پر تنازع، احمد جہانزیب نے جویریہ سعود کے دعوے کی سچائی بیان کر دی

گلوکار احمد جہانزیب نے ڈراما سیریل ’عشق مرشد‘ کے مقبول گانے ’تیرا میرا ہے پیار امر‘ سے متعلق پیدا ہونے والے تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے جویریہ سعود کے دعوے کی سچائی بیان کر دی۔

احمد جہانزیب نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی فنی جدوجہد اور مقبول گانوں سے متعلق گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ گلوکاری آسان کام نہیں بلکہ اس کے لیے برسوں کی محنت اور ریاضت درکار ہوتی ہے اور آواز کا بھی خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔

احمد جہانزیب نے بتایا کہ ان کے مشہور گانے جیسے ’کہو ایک دن‘، ’خدا اور محبت‘ اور دیگر سبھی گیت اپنی شاعری کی خوبصورتی کی وجہ سے دلوں میں اتر گئے، کیونکہ شاعری کا گانے پر گہرا اثر ہوتا ہے۔

ہم ایوارڈز کی تقریب میں ڈراما سیریل ’عشق مرشد‘ کے او ایس ٹی ’تیرا میرا ہے پیار امر‘ کے لیے احمد جہانزیب کو بہترین اوریجنل ساؤنڈ ٹریک کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں اور اس ایوارڈ کو حاصل کرنے میں انہیں 25 سال لگے ہیں۔

ان کے مطابق ’عشق مرشد‘ کا گانا پہلے سے نہیں لکھا گیا تھا بلکہ انہوں نے ہدایت کار فاروق رند کو تجویز دی تھی کہ بلال عباس اور درفشاں کی پہلی ملاقات کے منظر کے دوران ایک نیا گانا پس منظر میں ہونا چاہیے، اسی لیے انہوں نے راتوں رات نیا گانا لکھا جو سب کو پسند آگیا۔

گانے سے متعلق تنازع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ یہ گانا انہوں نے خود لکھا تھا، تاہم وہ اکثر شاعری کے دوران اپنے اردگرد موجود افراد سے مشورہ ضرور لیتے ہیں کہ کوئی لائن مناسب ہے یا نہیں، لیکن اس مشورے سے کسی دوسرے کو کریڈٹ نہیں ملتا اور گانے پر انہوں نے تنہا محنت کی تھی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گانے پر تنازع کے حوالے سے وہ تفصیل سے کسی دن گفتگو کریں گے اور اس وقت اس حوالے سے مزید بات نہیں کرنا چاہتے۔

قبل ازیں بھی ایک انٹرویو میں احمد جہانزیب نے گانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ نہ صرف انہوں نے گانے کو گایا بلکہ اس کی موسیقی بھی انہوں نے ترتیب دی اور گانے کی تیاری میں صرف اور صرف ان کا ہی کردار ہے، تاہم انہوں نے جویریہ سعود کے دعوے کے بارے میں کچھ نہیں کہا تھا۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2024 میں جویریہ سعود نے ایک مارننگ شو میں دعویٰ کیا تھا کہ ’عشق مرشد‘ کے او ایس ٹی کی شاعری انہوں نے لکھی تھی، مگر انہیں اس کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔

’عشق مرشد‘ اکتوبر 2023 سے مئی 2024 تک ہم ٹی وی پر نشر ہوا، جب کہ اس کا گانا ’تیرا میرا پیار ہے امر‘ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوا تھا۔