بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قائداعظم کے پاکستان میں انتہاپسندی کی کوئی جگہ نہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں، ہتھیار اٹھانے والوں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قائداعظم کا ملک ہے جہاں انتہاپسندی، بے امنی اور شرپسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ بات انہوں نے جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور معاشرتی رواداری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی بے گناہ شخص کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی۔ جو افراد بے گناہ ثابت ہوں، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے گا۔ کسی بھی مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا، البتہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں پائیدار امن، مذہبی برداشت اور رواداری کے لیے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ دینی مدارس دینی تعلیم کا مرکز ہیں اور ان کا احترام ہم سب پر لازم ہے، تاہم انتہاپسندی یا تشدد کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن کے فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
شاہ اویس نورانی نے یقین دلایا کہ ان کی جماعت رواداری، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ حکومت بے گناہوں کے تحفظ اور علماء سے مشاورت کے ساتھ پالیسی تشکیل دے رہی ہے۔