لاہور (نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی کا دیپ محبت کی جوت جگاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے سپیشل منیاریٹی کارڈ کا اجراء کردیا ہے، محفوظ پنجاب ویژن کے تحت مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن بھی قائم کررہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ دیوالی تہوار باہمی محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، پاکستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں مختلف مذاہب کے لوگ اخوت و بھائی چارے سے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری آج دیوالی کا تہوار منا رہی ہے جسے روشنیوں اور خوشیوں کا تہوار سمجھا جاتا ہے، دیوالی کو اچھائی کی برائی پر فتح کی خوشی کہا جاتا ہے۔
دیوالی صرف ہندو مذہب کے ماننے والے ہی نہیں بلکہ سکھ مت اور جین مت کے ماننے والے بھی جوش و خروش سے مناتے ہیں، تاریخی طور پر دیوالی کا تہوار برصغیر میں سبھی مذاہب کے ماننے والے مناتے رہے ہیں۔