بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے ،مریم نواز

اوکاڑہ (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیپالپور (اوکاڑہ) میں سیلاب متاثرین میں فلڈ ریلیف کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے سفر کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سیلاب نے پنجاب بھر میں تباہی مچائی، تین دریا  ستلج، راوی اور چناب  بپھر گئے اور اپنے کنارے کے تمام علاقوں کو ڈبو دیا۔ مسلسل تین سے چار ماہ کی بارشوں نے دیہاتوں اور شہروں کو زیرِ آب کر دیا۔ سو کے قریب قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، ہزاروں گھر بہہ گئے، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں اور مویشیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ان مناظر کو کبھی نہیں بھلا سکتیں۔ “میں نے اپنے آنکھوں سے پنجاب کے لوگوں کو اپنے اجڑتے گھروں کے سامنے روتے دیکھا۔ اسی وقت میں نے دل میں عہد کیا تھا کہ جیسے ہی پانی اترے گا، ہم بحالی کا کام فوراً شروع کریں گے۔ آج اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم وہ وعدہ پورا کر رہے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب کے دوران 25 لاکھ سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا، جب کہ 22 لاکھ مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ “میں ان لوگوں کو سیلاب زدہ نہیں، اپنے مہمان سمجھتی ہوں۔ ہم نے انہیں تین وقت کا پکا کھانا پہنچایا، جہاں سڑک نہیں تھی وہاں کشتیوں کے ذریعے راشن اور ادویات پہنچائیں۔”

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ سیلاب کے دوران 12 سے 13 لاکھ افراد کا علاج کیا گیا، جن کے لیے موبائل ہسپتال، فیلڈ کلینکس اور ویٹرنری مراکز قائم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ بنا جس نے نہ صرف انسانی جانیں بلکہ مویشیوں کی زندگیاں بھی بچائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تمام ریسکیو اور ریلیف آپریشن اپنے وسائل سے مکمل کیے۔ “یہ کسی پر احسان نہیں، بلکہ میرا فرض اور آپ کا حق تھا۔”

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے شفاف ترین سروے جاری ہے، جس کا 70 فیصد مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ “ہم نے لاہور میں 10 ہزار نمائندوں سے حلف لیا کہ جب تک آخری متاثرہ خاندان کے نقصان کا ازالہ نہیں ہو جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔”

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلڈ ریلیف کارڈز کے ذریعے متاثرین کو مالی امداد براہِ راست فراہم کی جائے گی تاکہ ہر خاندان اپنی ضرورت کے مطابق خرچ کر سکے۔ “یہ بحالی کا آغاز ہے، ہم ہر گھر تک پہنچیں گے۔ جب تک آخری متاثرہ شہری اپنے گھر واپس نہیں لوٹتا، میں سکون سے نہیں بیٹھوں گی۔”

مریم نواز نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس خدمت کا موقع دیا۔ “یہ دن صرف فلڈ کارڈ کی تقسیم کا نہیں، بلکہ پنجاب کے عزم، حوصلے اور یکجہتی کا دن ہے۔”