بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جس طرح معرکہ حق جیتا ایسے ہی معرکہ ترقی جیتنا ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فیلڈمارشل کی قیادت میں دشمن پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ آج مسلح افواج اور ریاست کا وقار دنیا میں بلند ہوا جب کہ جس طرح معرکہ حق جیتا ایسے ہی معرکہ ترقی جیتنا ہے۔

نیشنل ریسکیو چیلنج کی افتتاح تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال نے معرکہ حق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دشمن پرایسی کاری ضرب لگائی کہ آج مسلح افواج اور ریاست کا وقار دنیا میں بلند ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں پاکستان کی معیشت خون میں لت پت ملی، دنیا میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ کب پاکستان دیوالیہ ہوتا ہے مگر شہباز شریف کی قیادت میں معیشت سنبھل گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے امداد یا ٹیکنالوجی فراہم نہیں کی، پھر بھی ہم اس شعبے میں کامیاب رہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 نے قابلِ قدر خدمات انجام دیں اور متاثرہ علاقوں میں انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کی ہے، ریسکیو کا چیلنج دراصل انسانیت کو بچانے کا مقابلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں سکھاتا ہے کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کو بچانا ہے جب کہ آئندہ سال ریسکیو میں 30 سے 40 فیصد خواتین کو شامل کیا جائے تو خوشی ہوگی۔

تقریب کے مہمان صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق بھی شریک تھے جنہوں نے ریسکیو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے ریسکیو کو سرٹیفائیڈ کیا ہے اور سیلابی صورتحال میں ریسکیورز کو بہترین کام کرنے پر شاباش دی۔

واضح رہے کہ نیشنل ریسکیو چیلنج ریسکیو ہیڈکوارٹر لاہور میں شروع ہو رہا ہے جس میں خیبرپختونخوا، سندھ، گلگت بلتستان، پنجاب اور پاک آرمی سمیت 15 قومی ٹیمیں شریک ہیں جو 3 روز تک جاری رہیں گئی۔