بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کک باکسنگ چیمپیئن بشریٰ اختر نے سر پھٹنے کے باوجود کے ایف ایل مقابلہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا

پاکستان کی قومی کک باکسنگ چیمپیئن بشریٰ اختر نے سری لنکا میں منعقدہ کے ایف ایل 006 ٹورنامنٹ میں نہ صرف شاندار کارکردگی دکھائی بلکہ سر پھٹنے کے باوجود میدان نہیں چھوڑا اور اپنی حریف نیمیشا کمارِی کو شکست دے کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا۔
بشریٰ نے کولمبو میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں ناقابل شکست سمجھی جانے والی سری لنکا کی کھلاڑی نیمیشا کمارِی کو ہرایا، جس سے انہیں ایک مضبوط اور بے خوف فائٹر کے طور پر تسلیم کیا جانے لگا۔
ایک نجی چینل کے پروگرام میں بشریٰ اختر نے اپنی اس کامیابی کے پیچھے کی جدوجہد اور محنت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میرے کوچ سر مدثر کی بھرپور سپورٹ نے مجھے ہمت دی اور اسی اعتماد کے ساتھ میں نے یہ کامیابی حاصل کی۔
بشریٰ نے بتایا کہ اس سے پہلے وہ ایران میں ورلڈ کک باکسنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت چکی ہیں، اس کے علاوہ ایک اور ٹورنامنٹ میں افغانستان کی کھلاڑی کو شکست دے کر بھی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
مقابلے کے دوران سر میں لگنے والی چوٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بشریٰ اختر نے کہاکہ نیمیشا کمارِی سے مقابلے کے دوران میرے سر میں گہرا کٹ لگ گیا تھا۔ میرے کوچ نے کہا کہ اب کھیلنا بند کردو، لیکن میں نے کہا کہ میں یہاں پاکستان کا نام روشن کرنے آئی ہوں اور یہی کروں گی۔
بشریٰ اختر نے اپنے کوچز، مداحوں اور خاص طور پر کک باکسنگ فیڈریشن پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ فائٹ میرے لیے بہت چیلنجنگ تھی، مگر میں نے حوصلہ نہیں ہارا۔
واضح رہے کہ بشریٰ اختر نے گزشتہ روز سری لنکا میں کے ایف ایل کک باکسنگ ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ناقابل شکست نیمیشا کمارِی کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ روک دیا اور ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا۔