ایران نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتے ہوئے دو جدید اور اپ گریڈ شدہ بیلسٹک میزائلوں — ’عماد‘ اور ’قدر‘ — کی باضابطہ رونمائی کر دی ہے۔ یہ میزائل ایرانی انقلابی گارڈ (IRGC) کی ایرو اسپیس فورس کی جانب سے تیار کیے گئے ہیں اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’قدر‘ میزائل کو خاص طور پر الیکٹرانک وارفیئر سے نمٹنے کے لیے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ اس میں ایسے سسٹمز شامل کیے گئے ہیں جو دشمن کے ریڈارز، کمیونیکیشن سسٹمز اور دیگر الیکٹرانک آلات کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب، ’عماد‘ بیلسٹک میزائل کو بھی تکنیکی طور پر جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ مکمل طور پر فعال اور فائرنگ کے لیے تیار ہے۔ دونوں میزائل اب باقاعدہ لانچرز پر نصب کر دیے گئے ہیں اور فوری کارروائی کے لیے تیار حالت میں رکھے گئے ہیں۔
ایرانی انقلابی گارڈ کی ایرو اسپیس فورس کے ایک اعلیٰ کمانڈر کا کہنا تھاکہ ہماری میزائل طاقت ہر گھنٹے کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ یہ نئے میزائل ہماری دفاعی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ماہرین کے مطابق، ان میزائلوں کی اپ گریڈیشن نہ صرف ایران کی تکنیکی خود کفالت کا ثبوت ہے، بلکہ خطے میں اس کی اسٹریٹجک پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی سمت بھی ایک اہم قدم ہے۔
یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے کئی علاقوں میں اچانک فضائی حملے کیے تھے، جن کا نشانہ فوجی اور جوہری تنصیبات تھیں۔ ان حملوں میں سینیئر ایرانی کمانڈرز، سائنسدان اور شہری جاں بحق ہوئے۔ ایران نے اس حملے کا بھرپور جواب دیا، جس کے بعد 24 جون کو ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔
ایران کی جانب سے میزائلوں کی یہ رونمائی ایک واضح پیغام ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر لمحے تیار ہے۔
ایران نے جدید بیلسٹک میزائل ’’عماد‘‘ اور ’’قدر‘‘ کی اپ گریڈ ورژن کے ساتھ رونمائی کردی
