بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ویمنز ورلڈکپ میں حیران کن اسٹمپ آؤٹ، کھلاڑی اور کمنٹیٹرز دنگ رہ گئے

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے دوران سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ایک ایسا انوکھا اور غیر معمولی اسٹمپ آؤٹ دیکھنے میں آیا کہ نہ صرف کھلاڑی بلکہ کمنٹیٹرز بھی حیران رہ گئے۔
واقعہ بھارت کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں پیش آیا، جب سری لنکن اننگز کے 20ویں اوور میں بنگلادیشی بولر ناہیدہ نے آف اسٹمپ کے باہر گیند کروائی۔ سری لنکن بیٹر دلہاری نے بیک فٹ پر شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند بیٹ کے اندرونی کنارے سے ٹکرا کر آف اسٹمپ کے قریب اچھلی اور وکٹ کیپر نگار سلطانہ کی دائیں ٹانگ سے لگ کر واپس اسٹمپ سے جا ٹکرائی، جس سے بیلز گر گئیں۔
پہلے پہل تو بنگلادیشی کھلاڑیوں نے خاص ردعمل ظاہر نہیں کیا، تاہم بعد میں ایک ہلکی سی اپیل ہوئی جس پر فیلڈ امپائر نے معاملہ تھرڈ امپائر کے سپرد کر دیا۔ ری پلے دیکھنے پر واضح ہوا کہ دلہاری کا پچھلا پاؤں اس لمحے ہوا میں تھا جب گیند وکٹ کیپر کی ٹانگ سے لگ کر اسٹمپ پر لگی۔
تھرڈ امپائر نے قوانین کے مطابق بیٹر کو آؤٹ قرار دیا، لیکن یہ منظر اس قدر غیر متوقع تھا کہ اسکرین پر فیصلہ آتے ہی سب حیرت زدہ رہ گئے۔ بنگلادیشی ٹیم خوشی سے جھوم اٹھی، جبکہ کمنٹیٹرز بھی کچھ لمحوں کے لیے خاموش ہو گئے۔
یہ اسٹمپنگ اس لیے منفرد اور دلچسپ سمجھی جا رہی ہے کیونکہ عموماً وکٹ کیپر گیند کو اپنے ہاتھ سے اسٹمپ پر مارتا ہے، لیکن اس بار گیند جسم سے لگ کر اسٹمپ پر لگی اور آؤٹ قرار دے دیا گیا — ایک یادگار لمحہ جو کرکٹ کی دلچسپ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔