ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی بار ٹیسٹ ٹیوب بے بی (آئی وی ایف) کی پیدائش عمل میں آئی ہے، جو بانجھ پن کے شکار جوڑوں کے لیے امید کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
نجی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ سنگِ میل عابدہ انفرٹیلیٹی آئی سی ایس آئی اینڈ میٹرنٹی ہوم سروسز (اے آئی آئی ایم ایس) اور رحمانیہ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کے اشتراک سے کام کرنے والی طبی ٹیم کی انتھک کوششوں سے حاصل ہوا۔
یہ منصوبہ ڈاکٹر انیلا رحمٰن اور ڈاکٹر صبیحہ رحمٰن کی سربراہی میں انجام پایا، جنہوں نے جدید تولیدی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
ڈاکٹر انیلا نے صحافیوں کو بتایا کہ آئی وی ایف کے نتائج تسلی بخش ہیں اور قومی معیار کے مطابق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ کامیابی ڈیرہ اسماعیل خان کے بانجھ جوڑوں کے لیے امید، خوشی اور ایک نئی شروعات کی علامت ہے‘۔
طبی ٹیم نے صحت مند بچی کی پیدائش پر خاندان کو مبارکباد دی اور اس کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔