بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صوبے کے بنیادی صحت مراکز میں سہولیات کی کمی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشیٹو (PPHI) کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ صوبے کے کسی بھی ضلع میں صحت کی بنیادی سہولیات کی کمی، بند لیبر رومز یا ادویات کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے PPHI سندھ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں محکمہ صحت اور متعلقہ اضلاع کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں ماں اور بچے کی صحت، فیملی پلاننگ، غذائیت، ٹی بی کی روک تھام، ANC/PNC، عملے کی دستیابی، اور ادویات کی فراہمی جیسے اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اجلاس کے دوران بعض اضلاع میں صحت مراکز پر سہولیات کی کمی اور ناقص سروسز پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہماری ترجیح ہے کہ ہر حاملہ خاتون کو 24 گھنٹے دستیاب، فعال اور محفوظ لیبر رومز میسر ہوں۔ عملے کی موجودگی، شفافیت اور خدمات کا معیار کسی صورت کم نہ ہو۔ جہاں مسائل ہیں، فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ تمام اضلاع میںایمرجنسی ادویات ہر وقت دستیاب ہونی چاہئیں، خاص طور پر کراچی ویسٹ اور کشمور جیسے علاقوں میں۔ادویات کے ذخیرے کے لیے گوداموں کا قیام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ تمام مراکز میں ایمرجنسی ٹرے، موبائل لائٹس اور صاف ستھرے ٹوائلٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔15 دن کا بفر اسٹاک ہر مرکز میں لازمی موجود ہو تاکہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔ جہاں طبی عملہ موجود نہیں، وہاں فوری تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں۔غلط رپورٹنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، فیلڈ کی اصل صورتحال ہی رپورٹ کی جائے۔اجلاس کے اختتام پر وزیر صحت نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ تمام صحت مراکز کی مرمت، دیکھ بھال اور سہولیات کی فراہمی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھاہم چاہتے ہیں کہ سندھ کے ہر کونے میں، ہر مرکز صحت میں شہریوں کو باعزت، معیاری اور فوری طبی سہولیات میسر ہوں۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے، اور اس میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔