غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل نے آج مزید 15 فلسطینی قیدیوں کی میتیں فلسطینی حکام کے حوالے کیں، جس کے بعد واپس کی گئی میتوں کی مجموعی تعداد 135 ہو گئی ہے۔ ان تمام افراد کو اسرائیلی جیلوں میں قید کے دوران بدترین حالات کا سامنا رہا۔
دوسری جانب، حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج رات مزید دو اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرے گی۔ اب تک حماس 9 لاشیں واپس کر چکی ہے، جبکہ تقریباً 19 لاشیں تاحال ملبے تلے دبی ہوئی ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
قبل ازیں، قیدیوں کے تبادلے کے ایک معاہدے کے تحت حماس 20 زندہ اسرائیلی یرغمالی رہا کر چکی ہے، جن کے بدلے اسرائیل نے1700 سے زائد فلسطینی قیدی رہا کیے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی مسلسل بمباری اور غزہ کی ناکہ بندی کے نتیجے میں 65 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ جبکہ دو لاکھ سے زائد زخمی ہیں۔ انسانی امداد کی راہیں اب بھی بند ہیں، اور خوراک سے محروم بچے موت سے لڑ رہے ہیں۔
اسرائیل نے مزید 15 فلسطینی قیدیوں کی میتیں غزہ کے حوالے کردیں، تعداد 135 ہوگئی
