بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غزہ نسل کشی کا مذاق بنانے پر رام گوپال ورما سخت تنقید کی زد میں

بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما کو غزہ میں اسرائیلی حملوں اور نسل کشی پر نامناسب تبصرہ کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رام گوپال ورما نے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک متنازع پوسٹ میں دیوالی کے تہوار کو غزہ کی تباہی سے جوڑتے ہوئے لکھا کہ بھارت میں صرف ایک دن دیوالی ہوتی ہے، لیکن غزہ میں روز دیوالی ہوتی ہے۔

ان کے اس بیان پر صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے غزہ کے مظلوم عوام کی توہین اور انسانیت سے عاری مذاق قرار دیا۔
ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ اسی لیے میں مسلمان ہونے پر فخر کرتا ہوں، ہم کبھی نسل کشی کا جشن نہیں مناتے۔

ایک اور نے کہا کہ دیوالی جیسے مقدس تہوار کا موازنہ غزہ کی تباہی سے کرنا انتہائی غلط اور ناقابلِ برداشت ہے۔

پاکستانی اسپورٹس جرنلسٹ فیضان لکھانی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ رام گوپال ورما کا یہ ٹویٹ بھارتی معاشرے میں اخلاقی زوال کی نشانی ہے، فلموں کی ناکامی کے بعد اب انسانیت میں بھی ناکام ہوگئے، ان سے سمجھداری کی امید رکھنا ویسا ہی ہے جیسے ان کی فلم کے ہٹ ہونے کی۔

بھارتی سماجی کارکن راکھی تریپاٹھی نے بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں انسان بننے میں برسوں لگیں گے، تمہیں جشن اور تباہی کا فرق ہی معلوم نہیں۔

دوسرے صارفین نے بھی غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کو تمہارے سیاہ لطیفوں کی نہیں، انسانیت کی ضرورت ہے، شرم کرو، تم واقعی ظالم انسان ہو، یہ انتہائی گھناؤنی اور شرمناک بات ہے۔

تاہم رپورٹ کے مطابق رام گوپال ورما کی اس قابلِ مذمت پوسٹ کو ہندو انتہا پسندوں کے ایک طبقے کی جانب سے ہزاروں لائکس ملے۔