بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جب صابر بھاٹیہ کو ایشوریا رائے سے شادی کا خواب مہنگا پڑ گیا، سلمان خان نے کیسے حساب چُکایا؟

دنیا کی پہلی ویب میل سروس ہاٹ میل کے بانی صابر بھاٹیہ ایک وقت میں ایک ایسے بولی وُڈ ڈرامے کا حصہ بن گئے، جس میں مرکزی کردار کوئی اور نہیں بلکہ ایشوریا رائے بچن اور سلمان خان تھے۔

ایشوریا، سلمان خان اور صابر بھاٹیہ کا یہ واقعہ آج بھی انٹرنیٹ پر ایک دلچسپ یاد کے طور پر زندہ ہے، جہاں ٹیکنالوجی اور بولی وُڈ کی دنیا ایک رات کے لیے آمنے سامنے آگئی تھیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ سن 2001 کا بتایا جاتا ہے، جب صابر بھاٹیہ نے ایک انٹرویو میں کھل کر کہا کہ وہ ایشوریا رائے سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔

ان کے اس بیان نے میڈیا میں ہلچل مچا دی اور پھر ایک مشہور پارٹی میں سلمان خان نے خود ان سے آمنے سامنے بات کی۔

رپورٹس کے مطابق اس پارٹی میں صابر بھاٹیہ بھی مدعو تھے، غیر متوقع طور پر سلمان خان نے داخل ہوتے ہی مسکراتے ہوئے صابر بھاٹیہ سے کہا، ’ تو تم وہ ہو جو ایش سے شادی کرنا چاہتے ہو؟‘

صابر بھاٹیہ، جو اُس وقت ٹی وی ہوسٹ سیمی گریوال کے ساتھ موجود تھے، ہنس کر بات کو مذاق میں ٹالنے کی کوشش کرنے لگے۔ مگر سلمان نے بات ختم نہیں کی اور مزید کہا: ’وہ بہت اچھی لڑکی ہے۔‘

کچھ دیر بعد جب صابر بھاٹیہ ایک خاتون مہمان کے ساتھ تصویر کھنچوانے لگے تو سلمان خان اچانک ان کے قریب آ گئے اور تصویر کے لیے بازو خاتون کے گرد رکھا۔ اسی دوران، مبینہ طور پر سلمان کی جلتی ہوئی سگریٹ صابر بھاٹیہ کے ہاتھ سے چھو گئی۔

جب صابر کو ہلکا سا جھٹکا لگا تو سلمان نے ہنستے ہوئے کہا، ’اوہ… آخر کار تمہارے ہاتھوں پر ”ایش“ آ ہی گئی!‘ (یعنی ”ایش“ ایشوریا کے نام کا اشارہ) یہ جملہ سن کر پورا کمرہ چند لمحوں کے لیے خاموش ہو گیا۔

ایشوریا رائے کے علاوہ، صابر بھاٹیہ کا نام وقتاً فوقتاً امیشا پٹیل اور سشمیتا سین سے بھی جوڑا گیا، مگر یہ تمام تعلقات صرف خبروں تک ہی محدود رہے۔

بعد ازاں، انہوں نے 9 مارچ 2008 کو اپنی دیرینہ دوست تانیا شرما سے شادی کی۔ اس جوڑے کی ایک بیٹی آریانا ہوئی، تاہم 2013 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔