معروف کامیڈین برکت علی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی سے جڑا ایک حساس اور جذباتی پہلو شیئر کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک اس لیے شادی نہیں کی کیونکہ وہ اپنی بیمار والدہ کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں چاہتے۔
برکت علی نے بتایا کہ جب ان کے والد کا انتقال ہوا، اُس وقت وہ صرف 14 برس کے تھے۔ والد کینسر کے مریض تھے، لیکن کم عمری کے باعث وہ ان کی خدمت نہ کر سکے — اور یہی کمی آج تک اُن کے دل میں ایک ملال کی صورت میں موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا، “میری والدہ گزشتہ 20 سال سے بستر پر ہیں، انہیں شوگر، گردوں کے مسائل اور وزن کا بھی سامنا ہے۔ ان کا باقاعدگی سے ڈائیلاسز ہوتا رہا ہے۔ والدہ کی خدمت کے لیے میں نے دو ملازم بھی رکھے ہیں، لیکن میں خود بھی ہر ممکن کوشش کرتا ہوں کہ ان کی دیکھ بھال میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔”
برکت علی نے کہا کہ ان کی والدہ شروع میں اُن سے شادی کرنے پر زور دیتی رہیں، لیکن انہوں نے صاف کہہ دیا، “اگر میں شادی کے بعد بیوی میں مصروف ہوگیا تو آپ کا مکمل خیال نہیں رکھ سکوں گا۔” اس بات پر والدہ نے بھی ان کے فیصلے سے اتفاق کر لیا۔
یہ انکشاف برکت علی کے چاہنے والوں کے لیے نہ صرف چونکا دینے والا تھا، بلکہ اُن کی شخصیت کے اُس پہلو کو بھی سامنے لایا جس میں مزاح کے پیچھے ایک حساس، خیال رکھنے والا بیٹا چھپا ہوا ہے۔
والدہ کی خدمت میں کمی نہ رہ جائے، اسی لیے شادی نہیں کی،برکت علی کا جذباتی انکشاف
