بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی صدر ہیلی کاپٹر حادثے سے بال بال بچ گئیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بھارتی صدردروپدی مُرمو ریاست کیرالہ کے 4 روزہ دورے کے دوران اس وقت ایک ممکنہ فضائی حادثے سےمحفوظ رہیں جب ان کا ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران اچانک زمین میں دھنس گیا۔ واقعے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، صدر کے لیے عارضی طور پر ایک ہیلی پیڈ اسٹیڈیم میں جلد بازی میں تیار کیا گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی، مگر جیسے ہی پہیے زمین سے ٹکرائے، وہ نرم مٹی میں دھنس گئے، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹرایک طرف جھک گیا۔
فوری طور پر ریسکیو ٹیم، فائر بریگیڈ، اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور ہیلی کاپٹر کو الٹنے سے بچانے کے لیے اسے سہارا دیا۔ اسی دوران صدر دروپدی مُرمو اور ان کے ہمراہ موجود افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
صدر اور دیگر افراد کو احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صدر کو کچھ دیر بعد مکمل ہوش و حواس کے ساتھ روانگی کی اجازت دے دی گئی۔
حکام کا ماننا ہے کہ یہ واقعہ ہیلی پیڈ کی غیر معیاری تیاری اور جلد بازی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، کیونکہ لینڈنگ زون کی زمین مکمل طور پر سخت نہیں کی گئی تھی۔
واقعے نے بھارتی سیکیورٹی اور پروٹوکول انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جب کہ سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔