ہنرمند نوجوانوں کو عالمی روزگار کے مواقع، دیہی خواتین کے لیے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام بھی متعارف
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میںصوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو عالمی منڈی تک پہنچانے کے لیے ’’مریم نواز فری پرواز کارڈ‘‘ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل کرنے والے نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ:
اب تک 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت دی جا چکی ہے۔
ان میں سے 75 ہزار نوجوانوں کو ملک میں روزگار ملا، جبکہ15 ہزار نوجوانوں کو بین الاقوامی اداروں میں ملازمتیں ملیں۔
ٹیوٹا سے تربیت پانے والے27 ہزار 500 سے زائد نوجوان برسرِ روزگار ہوئے۔
اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے45 ہزار نوجوانوں کو ملازمتیں ملیں۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ برس کے مقابلے میں پنجاب میں ٹیکنیکل ٹریننگ کے رجحان میں 21 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ:
صنعتی ترقی کے لیے صوبے بھر میں انڈسٹری کا نیا جامع سروے کرایا جائے گا تاکہ ہنر مند افراد کی طلب اور رسد میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
دیہی خواتین کے لیے ’’میں ڈیجیٹل‘‘ پروگرام
حکومت نے خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے بھی اہم قدم اٹھایا ہے۔
میں ڈیجیٹل پروگرام کے تحت:
3 ہزار دیہی خواتین کو آئی ٹی ٹریننگ دینے کے لیے1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پہلے مرحلے میں بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالا، لودھراں اور فیصل آباد کی خواتین کو تربیت دی جائے گی۔
اس پروگرام کے تحت یکم اپریل 2026 تک 2100 خواتین کو ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر انہیں معاشی طور پر بااختیار بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو باعزت روزگار دینا ہی اصل ترقی ہے، اور پنجاب حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
پنجاب حکومت کا ’’مریم نواز فری پرواز کارڈ‘‘ جاری کرنے کا فیصلہ
