بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انٹربینک مارکیٹ میں روپیہ مضبوط، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم

بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں روپیہ مضبوط رہا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 282 روپے 10 پیسے پر مستحکم رہی۔
معاشی استحکام اور شعبہ جاتی سطح پر غیرملکی سرمایہ کاری کے رجحانات کی بدولت انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں بہتر رہی۔ حکومت کی نجکاری کی حکمت عملی، معاشی اصلاحات، مستحکم افراط زر اور مضبوط ترسیلات زر کے باعث معیشت کی شرح نمو 3.2 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے، جس کے اثرات انٹربینک مارکیٹ میں واضح نظر آئے۔
کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر 13 پیسے کمی کے ساتھ ایک موقع پر 280 روپے 93 پیسے تک گر گئی، تاہم غیرملکی کمپنیوں کی جانب سے اپنے ہیڈکوارٹرز کو منافع کی منتقلی کے باعث دن کے اختتام پر ڈالر کی قیمت معمولی کمی کے ساتھ 281 روپے 5 پیسے پر بند ہوئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 282 روپے 10 پیسے پر برقرار رہی۔
مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں کام کرنے والی غیرملکی کمپنیوں کی جانب سے اپنے ہیڈکوارٹرز کو منافع کی منتقلی میں 85 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ملک کی معاشی مضبوطی کا مظہر ہے۔
مزید برآں، ستمبر میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 11 کروڑ ڈالر کے سرپلس کی طرف گیا، جس اور دیگر مثبت عوامل کی وجہ سے انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی مضبوطی دیکھی گئی۔