بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمر ایوب کی نااہلی سے خالی نشست پر ضمنی انتخاب، پی ٹی آئی اور ن لیگ میں کانٹے دار مقابلے کا امکان

این اے-18 ہری پور کی نشست، جو عمر ایوب خان کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر نوید الرحمان نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 13 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے ہیں جبکہ ایک امیدوار کے کاغذات مسترد کر دیے گئے ہیں۔ ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کردہ فارم 32 کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی ارم فاطمہ ترک، مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان، پیر صابر شاہ، سردار محمد مشتاق، اور صاحبزادہ حامد شاہ سمیت مختلف امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شہرناز عمر ایوب کو میدان میں اتارا گیا ہے، جن کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ہری پور کی یونین کونسل کے چیئرمین عبدالرشید تنولی کے کاغذات مسترد کر دیے گئے ہیں۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان کے کاغذات پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے، تاہم ریٹرننگ افسر نے ان اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے بابر نواز کی نامزدگی برقرار رکھی۔
واضح رہے کہ یہ نشست سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی 9 مئی کے مقدمات میں سزا اور اس کے نتیجے میں نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ اب اس حلقے میں 23 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جہاں شہرناز عمر ایوب اور بابر نواز خان کے درمیان سخت مقابلے کی فضا بن چکی ہے، اور سیاسی حلقوں کی نظریں اس اہم ضمنی انتخاب پر مرکوز ہیں۔